Tue, Mar 2, 2021

نظماے مدارس اپنے اساتذہ کا خیال رکھیں
محمد تبریز عالم قاسمی/دارالعلوم حیدرآباد

ملک جس صورت حال سے دوچار ہے بس اللہ تعالی رحم فرمائے۔لاک ڈاون کی وجہ سے اشیاء خوردونوش اور غذائی اجناس حاصل کرنے میں ہر ایک کودقت کا سامنا ہے۔روپے پیسے کا بے وزن اور بے قیمت ہونا بھی سمجھ میں آرہا ہے کہ روپے پیسے ہونے کے باوجود اپنی ضرورت پوری کرنا مشکل ہے۔
اس مشکل سے اہل مدارس مستثنی نہیں ہیں،بعض مدرسوں میں اساتذہ مع اہل خانہ مقیم ہیں۔ظاہر ہے ان کا اپنے وطن جانا اس وقت ناممکن ہے اورباہر جاکر سامان لانا بھی بہت مشکل ہے،ایسے وقت میں ایسے مدارس جن کے اسٹور روم میں غذائی اجناس موجود ہیں وہ اپنے مدرسین کو مناسب قیمت پر یا اپنے طور پر مفت فراہم کرنے کی کوشش کریں۔عمومااکثر مدارس میں مہینے دو مہینے کی ضروری چیزیں موجود ہوتی ہیں،چونکہ تمام ہی مدرسوں میں چھٹی ہوچکی اور اکثر طلبہ گھر جاچکے ہیں اس لیے مستقبل قریب میں ان چیزوں کی بہت زیادہ ضرورت نہیں ہے اس لیے نظماے مدارس کے لیے یہ کام بہت دشواری کا سبب نہیں ہوگا۔یقینا بعض مدرسوں میں ایسے اساتذہ کرام ضرور مقیم ہوں گے جنھیں اس حوالے سے دقت ہوسکتی ہے،اگر باتوفیق نظماے مدارس اس طرف توجہ کریں تو یہ اساتذہ کی خدمات کا اعتراف بھی ہوگا اور انسانیت کی خدمت بھی۔
راقم الحروف(محمد تبریز عالم قاسمی )اور چند اساتذہ مع اہل خانہ دارالعلوم حیدرآباد میں مقیم ہے،اچانک بدلی صورت حال کی وجہ سے ہم بھی پریشان ہوے۔ہم اپنے مدرسہ کے فعال ناظمِ مطبخ مولانا عبد الحمید (منتظم )صاحب سے رجوع ہوے تو انھوں نے فوری اقدام کرتے ہوے گوشت، چاول ،آٹا، دال اور تیل جیسی بنیادی چیزیں فراہم کیے جانے کی تاکید کی،جس پر فوری عمل درآمد ہوا،صبح کو معلوم ہوا کہ مدرسہ کے ناظم اعلی جناب رحیم الدین انصاری صاحب نے بھی مطبخ کے معاون ناظم: مولانا عبدالکفیل صاحب کو اس طرف توجہ دلائی اور ہر ممکن تعاون کا انھیں حکم دیا۔ہم اساتذہ جامعہ اس پر ان تمام حضرات کے ممنون ومشکور ہیں۔اور دست بدعا ہیں کہ اللہ تعالی ان حضرات کی عمر اور صحت میں برکت عطا فرمائے اور مدرسہ کو ترقیات سے نوازے۔
میں نے یہ واقعہ محض شکریہ کے لیے نہیں لکھا بلکہ اس لیے بھی لکھا تاکہ دیگر ذمہ دارانِ مدارس اس طرف توجہ کریں اور دارالعلوم حیدرآباد کے اس اقدام کو مثال بنائیں۔چراغ سے چراغ روشن ہوں گے تو روشنی میں اضافہ ہی ہوگا۔اللہ تعالی اس کی توفیق عطا فرمائے ۔

25 مارچ 2020 ء بروز بدھ