Sun, Feb 28, 2021

*حضرت مولانا سراج الحسن صاحبِ نظر عالم دین تھے:*
_*آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کا اظہارِ تعزیت*_

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے آج ایک تعزیتی بیان میں یہ کہا کہ گذشتہ کل حضرت مولانا سراج الحسن صاحب رحمۃ اللہ علیہ اللہ کو پیارے ہوگئے، وہ صاحب نظر عالم دین، کامیاب منتظم اور اچھے مقرر تھے۔ تیرہ سال تک جماعت اسلامی کے باوقار امیر کی حیثیت سے انہوں نے بڑی اہم خدمات انجام دی ہیں۔ اللہ کے فضل و کرم سے انہوں نے لانبی عمر پائی، حدیث شریف میں آیا ہے کہ جس شخص کی عمر لمبی ہو اور عمل اچھا ہو وہ خوش نصیب انسان ہے۔ اس حدیث کے پیش نظر یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ مولانا سراج الحسن مرحوم بڑے خوش قسمت انسان تھے، انہوں نے اصلاح امت اور اقامت دین کی خاطر اپنی زندگی کے شب و روز وقف کردیئے تھے، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ سے بھی ان کا بڑا گہرا تعلق رہا ہے۔ پہلے رکن بورڈ اور پھر نائب صدر کی حیثیت سے انہوں نے بورڈ کی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور جب جس طرح کی ذمہ داری ان کے سپرد کی گئی انہوں نے بحسن و خوبی اسے نبھایا۔ ان کی رحلت سے نہ صرف جماعت اسلامی بلکہ خود آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ ایک فعال مستعد اور مخلص کارکن سے محروم ہوگیا، مولانا مرحوم حسن عمل کا توشہ لے کر رب کریم کی بارگاہ میں جاچکے امید ہے کہ وہ وہاں روح و ریحان اور جنت کی نعمتوں سے سرفراز کیے جائیں گے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ ان کی رحلت پر اپنے گہرے غم کا اظہار کرتا ہے اور ان کے اہل خانہ اور متعلقین کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کرتا ہے۔ دعا ہے کہ رب کریم ان کی مغفرت فرمائے، ان کو درجات بلند نصیب فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل نصیب فرمائے۔