Tue, Mar 2, 2021

فقیہ العصرمولانا خالد سیف اللہ رحمانیبیرونی ممالک سفر پرروانہ

مفتی اشرف علی قاسمی (استاذ المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد) کی اطلاع کے مطابق حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب آج بروز بدھ 4دسمبر کو بیرونی سفر پر تشریف لے گئے ہیں، اس سفر میں مولانا رحمانی ساؤتھ افریقہ، ماریشس، ری یونین اور دبئی کا دورہ کریں گے۔
ساؤتھ افریقہ میں دار العلوم الاسلامیہ جوہانسبرگ میں ختم بخاری کا درس دیں گے، نیز علما کےلیئے ایک خصوصی تربیتی پروگرام میں “مسلم و غیر مسلم تعلقات__ فقہ اسلامی کی روشنی میں” کے عنوان سے محاضرہ پیش کریں گے، اسی طرح شہر ڈربن میں علما اور اصحاب افتا کےلیئے تربیتی پروگرام میں بہ حیثیت محاضر شرکت کریں گے۔ اس سفر میں اسلامک بینک کاری پر بھی اسلامی مالیاتی اداروں کے اسکالرس سے خطاب کریں گے۔ ساؤتھ افریقہ کا یہ سفر 4 تا 13 دسمبر جاری رہے گا۔
اس سفر کے اگلے پڑاؤ میں ماریشس اور ری یونین بھی تشریف لے جائیں گے، واضح رہے کہ ری یونین فرانس کی کالونی ہے، اور مسلمانوں کی وہاں بڑی آبادی رہتی ہے، یہاں کے معروف اسلامی ادارہ دارالعلوم اشرفیہ میں ختم بخاری کا درس دیں گے، نیز شہر کے دانشوروں اور علما کو مخاطب کریں گے۔ خاص طور پر پورپی ملکوں میں مقیم مسلمانوں کے جدید فقہی مسائل پر محاضرات پیش کریں گے۔ مولانا رحمانی 14تا 19 دسمبر ری یونین میں قیام کریں گے۔
دبئی میں اسلامی بینک کاری اور دینی تعلیم و تربیت کے حوالے سے اہل علم و دانش کی مختلف نشستوں کو مخاطب کریں گے۔ انشاء اللہ 24 دسمبر کو مولانا رحمانی حیدرآباد واپس ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس سفر میں مفتی عمر عابدین قاسمی مدنی (نائب ناظم المعھد العالی الاسلامی حیدرآباد و جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل تلنگانہ) بھی مدعو ہیں، ساؤتھ افریقہ میں دارالعلوم الاسلامیہ جوہانسبرگ میں “علم حدیث” پر منعقد ہونے والے سیمینار میں اپنا مقالہ بعنوان “صحاح ستہ کے تئیں علما دیوبند کی علمی خدمات” پیش کریں گے، نیز مختلف علمی نشستوں میں وہ خطاب کریں گے۔ مولانا عابدین ری یونین میں Discover islam (اسلام کو دریافت کریں) کے عنوان سے دانشوروں کا ایک ورکشاپ لیں گے، نیز طریقہ تدریس، اسلامیانہ ء نصاب (islamaisition of Curriculum) جیسے موضوعات پر مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے۔