Sun, Feb 28, 2021

رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے

مولانا سید احمد ومیض ندوی نقشبندی کا آن لائن خطاب

رمضان المبارک ہم تمام کے لئے دوبارہ رحمت اور برکت لے کر آیا ہے، اس کی ناقدری سے ہمیں بچنا چاہیے جہاں تک ہوسکے عبادات میں لگے رہنا چاہیے جیسے :مستقل قرآن کریم کی تلاوت، اذکاراور تراویح کی پابندی خاص طور پر سحر سے پہلے تہجد کا اہتمام، کیوں کہ عموماً اکثر گھروں میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ سحری کھاتےوقت بہت زیادہ وقت لگا دیتے ہیں اس کے بجائے کم وقت میں کھاکر سحری کے آخری وقت سے پہلے پہلے اگر نماز تہجد ادا کرلیں تو انشاءاللہ بہت بڑا فائدہ ہوگا حضرت والا نے اس کی مزید وضاحت فرماتے ہوئے یہ بات بھی ارشاد فرمائی کہ نماز تہجد کا تعلق بزرگوں سے خاص رہا ہے کوئی ایسا ولی اللہ اس دنیا سے نہیں گزرا جن کی زندگی میں تہجد نہ ہوئی ہو ہمیں بھی اس کا خوب اہتمام کرنا چاہیے
محترم قارئین! حضرت نے فرمایا رمضان المبارک کو غنیمت جانیں وقت کو ضائع کئے بغیر اپنے قیمتی اوقات کو ذکر واذکار میں لگائیں اور اللہ کے وعدوں کے مطابق اپنے اعمال میں مضبوطی لائیں جیسے: اللہ نے کہا ایک فرض نماز کا بدلہ ستر فرض نماز اور ایک نفل نماز کا بدلہ ایک فرض نماز کے برابر ہے اس موقعہ کو نہیں چھوڑنا چاہیے، اسی طرح اس ماہ رمضان المبارک میں انفاق فی سبیل اللہ کا بھی خاص خیال رکھنا چاہیے کیوں کہ پچھلے رمضان کے مقابلہ میں اس ماہ رمضان میں(کروناوائیرس) کی وجہ سے ایک دو نہیں بلکہ ہزاروں لاکھوں کی تعداد میں مسلمان کافی پریشان ہیں الحمد للہ ہمارے شہر حیدرآباد میں مختلف تنظیمیں ان کی مدد کے لئے کافی متحرک ہیں اور مزید ہونے کی ضرورت ہے اور حضرت والا نے اخیر میں اس بات کی بھی وضاحت فرمائی کہ (Mixlr) جو آن لائن لنک ہے جس میں مختلف اوقات میں علماء کرام کے بیانات ہوتے ہیں جیسے حضرت مولانا شاہ جمال الرحمن صاحب مفتاحی دامت برکاتہم العالیہ کا خطاب ہفتہ میں تین مرتبہ جمعرات جمعہ اور اتوار اسی طرح حضرت مولانا صلاح الدین سیفی صاحب دامت برکاتہم کا خطاب اور اسی طرح حضرت مولانا عبد القوی صاحب دامت برکاتہم وغیرہ کا خطاب ہوتا ہے وقت مقررہ پر اس لنک میں شامل ہوجائیں اور دوسروں کو استفادہ کا موقعہ عنایت فرمائیں اور حضرت والا نے اخیر میں دعا فرمانے سے پہلے وابستگان سلسلہ عالیہ نقشبندیہ کو توجہ دلائی کہ ذکر و اذکار کے ساتھ ساتھ مراقبہ کا خوب اہتمام فرمائیں.

جمع و ترتیب :مفتی محمد اظہر الدین حسامی پرکال
خادم :احکام و مسائل گروپ