Tue, Mar 2, 2021
حضرت مولانا قاضی سمیع الدین صاحبؒ نرساپور کا سانحۂ ارتحال
خوش مزاج، چھوٹوں پر شفقت کے ساتھ حوصلہ بڑھانے والے اب ہم میں نہ رہے؛
اللہ حضرت کو غریقِ رحمت فرمائے حضرت کے تمام کاموں کو جاری و ساری رکھے۔ 
حافظ فہیم الدین منیری صدر جمعیۃ علماء کاماریڈی کا اظہارتعزیت۔ 
حافظ محمد فہیم الدین منیری صدر جمعیۃ علماء کاماریڈی نے حضرت مولانا قاضی سمیع الدین صاحب رح نرساپورضلع میدک کے مایہ ناز قدیم متحدہ ریاست آندھراپردیش کے صفِ اول کے بزرگ کے سانحہ ارتحال پر اپنے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضرت رحمۃالله علیہ قصبہ کے رہنے کے باوجود پوری ریاست کے علماء اور خواص کے دلوں میں جگہ رکھتے تھے؛ حضرت رحمۃ الله علیہ مجلس علمیہ؛ جمعیۃ علماء و دیگر رفاہی فلاحی تنظیموں کے اہم ذمہ دار اورضلع کے ہونے والے دینی کاموں کی سر پرستی، دینی خدام علماء، حفاظ، ائمہ کے حوصلوں کو بڑھانے والے تھے؛ مادر علمی دارالعلوم حلیمیہ نظام پیٹ اور ہمارے استاذ الاساتذہ جناب محمد انور صاحب اور مدرسہ کے تمام فارغین سے بے پناہ محبت اور خوش مزاجی سے ملاقات کرتے، بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے، حال احوال پوچھتے، مدرسہ کے سالانہ جلسوں کی سر پرستی فرماتے،2018 میں مدرسہ کی سالانہ کارکردگی اور فارغین حفاظ کرام کا اسناد کا جلسہ رکھا گیا؛ جس میں ملک کے بزرگ مدرسہ کے سرپرست حضرت مولانا الشاہ منیراحمد صاحب دامت برکاتہم نے صدارت فرمائی، جس میں بحیثیت سرپرست حضرت رحمۃ الله علیہ تشریف لائے، تمام فارغین سے ملاقات کی، اپنے ہاتھ سے دستار باندھی، اسنادات تقسیم کیئے، بہت ہی جامع خطاب سے نوازا ہے، انتہائی خوشی کا اظہار فرمایا، دیگر پروگراموں میں بھی دیکھا گیا باوجود پیرانہ سالی کے اجلاس کے ختم تک تشریف رکھتے، خوشی کا اظہار کرتے، حضرت کا انتقال ہمارے اپنے علاقہ کا بہت بڑا نقصان ہے؛ الله اپنے کرم سے حضرت کے صاحبزادگان اور شاگردوں کو حضرت کا سچا جانشین بنائے؛ حضرت کے مدرسہ مفتاح العلوم اور دیگر تمام رفاہی فلاحی کاموں کو الله جاری و ساری رکھے (آمین)۔
     معلمین مکاتب مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کاماریڈی سے گذارش کی گئی کہ حضرت رحمۃ الله علیہ کیلئے مساجد میں ایصالِ ثواب کا اہتمام فرمائیں، اور بلندیِ درجات کیلئے دعا فرمائیں، دفتر جمعیۃ علماء کاماریڈی پر مولانا نظرالحق قاسمی، مولانا منظور عالم مظاہری، حافظ عدنان ذاکرحسینی و احقر نے دعا کا اہتمام کیا۔